بھوپال: جس طرح سے پاکستان کی سیما حیدر ہندوستان میں پہنچی جس طرح سے وہ ہندوستان آئی اس کو لے کر بڑا ہنگامہ برپا ہوا تھا کہ اسی بیج بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گوالیار سے انجو نامی لڑکی سرحد پار اپنے عاشق کے پاس پہنچی جس کے بعد جہاں پورے ہندوستان میں ہنگامہ ہو رہا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے انجو کے پاکستان جانے پر بڑا بیان دیا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں انجو کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے اس سے شک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا میں نے اسپیشل برانچ کو تحقیقات کی ہدایت دی ہے اور ہماری اسپیشل برانچ کی ٹیم اپنے لنکس کو جوڑ کر تحقیقات کرنے میں لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہا اس طرح سے انجو کے پاکستان جانے کے پیچھے ہمیں کوئی بڑی بین الاقوامی سازش نظر آرہی ہے۔ اور ہم نے اس معاملے کی جانچ کے لیے اسپیشل برانچ کو ہدایت دے دی ہے۔ اور ہمیں امید ہے کہ اس کے نتائج جلد ہمارے سامنے آئیں گے۔