بھوپال:ریاست مدھیہ پردیش میں غیرموسمی بارش اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصان کے بعد ریاستی حکومت نے کسانوں کے لئے راحت کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران عہدیداروں کو تمام متاثرہ کسانوں کو معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلی نے ریاستی کسانوں کو یقین دلایا ہے کہ انھیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست میں بے وقت بارش اور ژالہ باری ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔
وزیراعلی ہاؤس (سی ایم او)میں ہونے والی میٹنگ میں سی ایس، پی ایس ریونیو، پی ایس ایگریکلچر سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔اس ملاقات کے بعد وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سروے کا کام پوری تندہی اور ایمانداری کے ساتھ کیا جائے اور اس کے بعد اگر کسی کسان کا اعتراض آتا ہے تو اسے بھی دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سروے کا کام 25 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وزیر اعلی نے میٹنگ میں کہا کہ ریاست کے 20 اضلاع میں بے وقت بارش اور ژالہ باری کی اطلاع آئی ہے۔ چھ سے 8 مارچ کے قریب بارش کے دوران پہلے مرحلے کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب دوسرے مرحلے کا سروے شروع ہوگیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہر جگہ سروے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔سروے کا کام جاری ہے۔ سروے ٹیمیں ریوینو زراعت اور پنچایت اور دیہی ترقی کے محکمے کے عملے کو شامل کیا گیا ہے۔