اندور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ جتنے مریض پچھلے سال پورے اپریل مہینے میں ملے تھے اس سے زیادہ اس سال اپریل میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ہیں جس سے پورے شہر میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
کورونا سے تحفظ کے لیے انتظامیہ اور صحت عملہ ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ اسی کے باعث یہاں کورونا کرفیو نافذ ہے، اجتماعی تقریبات پر بھی پابندی عائد ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8553 کورونا نمونوں کی جانچ کی گئی جس میں 1552 کی رپورٹ مثبت آئی اور 7762 کی رپورٹ منفی آئی جبکہ 6 اموات درج کی گئی ہیں۔
اب تک اندور ضلع میں 1 لاکھ 18 ہزار 60 لوگوں کے کورونا نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے جس میں سے 80986 کورونا سے متاثر پائے گئے اور 1011 کی اموات درج کی جا چکی ہیں جبکہ 8384 مریضوں کا فی الحال ہسپتالوں میں علاج بھی چل رہا ہے۔