بھوپال: وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ 5 مارچ سے لاڈلی بہنا یوجنا کے لیے فارم بھرنے کا عمل شروع ہو جائے گا، جسے ریاست کی ضرورت مند اور غریب بہنوں کی مدد کے لیے نافذ کیا جا رہا ہے۔ یہ کام بھی ضرورت کے مطابق کیمپ لگا کر کیا جائے گا۔ یہ اسکیم سماج کے غریب طبقات بشمول چھوٹے کسانوں، مزدوروں وغیرہ کی زندگی کو آسان بنائے گی۔ وزیراعلی چوہان نے کہا کہ لاڈلی بہنا یوجنا کے تحت بہنوں کو ماہانہ 1000 روپے کی رقم ملے گی۔ آنے والی 5 مارچ سے سرکاری افسران و ملازمین اور سماجی کارکن بہنوں سے اس سکیم کے فارم بھرنے کا کام شروع کریں گے۔ اس اسکیم کے لئے صحیح طریقے سے انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد بہنوں کو جون کے مہینے سے فنڈ ملنا شروع ہوجائے گا۔
وزیراعلی چوہان نے کہا کہ یہ اسکیم نہیں ہے، یہ بھائی کا پیار اور بہنوں کے لیے تحفہ ہے۔ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کو ہر ماہ وزیراعلی کسان ندھی، وزیر اعظم کسان ندھی کے ساتھ ساتھ بزرگ خواتین کی رقم ملتی ہے۔ اس سے خاندان کو مالی مدد ملے گی۔ معمر خواتین بھی 600 روپے ماہانہ کی بجائے 1000 روپے ماہانہ کی حقدار ہوگی۔