کھنڈوا :ریاست مدھیہ پردیش کی ضلع کھنڈوا میں کولکتہ این آئی اے (قومی تحقیقاتی ایجنسی) کی ٹیم نے کالعدم قرار دی گئی تنظیم ’’سمی‘‘ کے رکن رقیب قریشی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ این آئی اے کے ذریعے رقیب کے کمرے کی دو گھنٹے تک تلاشی لی گئی۔ این آئی اے حکام نے اہل خانہ سے بھی پوچھ تاچھ کی۔ ذرائع کے مطابق کولکتہ این آئی اے کے دو افسران کوتوالی اور موگھاٹ پولیس کی ایک ٹیم کے ساتھ صبح تقریبا 10 بجے خانشاہ ولی کالونی میں رقیب قریشی کے گھر پہنچی۔ گھر والوں سے رقیب کے کمرے کی معلومات لی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ رقیب کا کمرہ پہلی منزل پر ہے اور اہلکار اس کے کمرے میں پہنچے اور تلاشی لی۔ تقریبا دو گھنٹے تک کمرے کی باریک بینی سے چھان بین کی گئی، چھاپے کے دوران مقامی پولیس ٹیم بھی چوکس نظر آئی۔ پولیس نے رقیب کے گھر کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے رکھا تھا رہائشی مکان کی چھت سے بھی نگرانی کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ دوپہر 12 بجے کے قریب این آئی اے اہلکار رقیب کے گھر سے باہر آئے۔ افسران نے کارروائی کے حوالے سے کچھ بھی کہنے سے گریز کیا۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل ریاست مغربی بنگال کی اے ٹی ایس نے رقیب کو گنج بازار 16 کھولی سے گرفتار کیا تھا۔ مغربی بنگال سے گرفتار کیے گئے 2 ساتھیوں نے اس کے بارے میں معلومات دی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بم بنانے اور ہتھیار چلانے کی تربیت دے رہا تھا۔