بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں آج سے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 کا شاندار آغاز ہونے جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے تقریباً چھ ہزار کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ پروگرام آج شام راجدھانی بھوپال میں ایک شاندار تقریب سے شروع ہوگا۔ اس پروگرام میں ریاست کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ کھیل اور نوجوانوں کے امور کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، محکمہ کے وزیر مملکت نشتھ پرمانک اور کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزیرمملکت یشودھرا راجے سندھیا موجود ہوں گے۔ اوڈیشہ کے الیکٹرانکس، آئی ٹی، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر توشار کانتی بہرا اور اروناچل پردیش کے وزیر کھیل ماما ناٹنگ بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ راجدھانی بھوپال کے علاوہ اندور، گوالیار، جبل پور، اجین، منڈلا، بالاگھاٹ اور کھرگون میں الگ الگ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز میں بھوپال میں ایتھلیٹکس، ریسلنگ، باکسنگ، شوٹنگ،کینوئنگ، روئنگ، والی بال، جوڈو اور تیراکی جیسے مقابلے ہونے ہیں۔
سی ایم شیوراج نے کہا کہ آج کھیلوں کے میدان میں مدھیہ پردیش کے لیے ایک تاریخی دن ہے، آج بھوپال کے تاتیا ٹوپے اسٹیڈیم میں کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2022 کا شاندار افتتاح کیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش کی میزبانی کے دوران 3 سے 5 فروری تک 26 ایتھلیٹکس کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ تمام کھیلوں سے محبت کرنے والوں پر زور دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "اس ناقابل فراموش لمحے کے گواہ بنیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں"۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش پہلی بار یوتھ گیمز کی میزبانی کر رہا ہے۔ یہ کھیل بھوپال، اندور، گوالیار، جبل پور، اجین، منڈلا، بالاگھاٹ اور کھرگون میں شروع ہوں گے۔ یوتھ گیمز میں 470 مدھیہ پردیش کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔