مسلمانوں کو تعلیم کے حصول کو زندگی کا مقصد بنائیں :گورنر عارف محمد خان بھوپال: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن بھوپال مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام بھوپال کوہ فضا میں منعقدہ خصوصی تقریب میں ممتاز ادیب ،محقق و صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم کی پندرہویں کتاب چاہت کا کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان کے ہاتھوں اجراء کیا گیا۔
گورنر عارف محمد خان نے ڈاکٹر مہتاب عالم کی تحقیق پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف ادب میں اضافہ سے تعبیر کیا بلکہ تحقیق کو زمانے کی ضرورت قرار دیتے ہوئے انہوں نے سائنسی شعور کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔
عارف محمد خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آگے کہا کہ تعلیم میں تمام کامیابی کا راز پوشیدہ ہے ۔مسلمان جنہیں اقراء سے تعلیم کے حصول کی تلقین کی گئی ہے۔ انہیں چاہیے کہ تعلیم کے حصول کو زندگی کا مقصد بنائیں۔ پروگرام میں ملک کی تعمیر و ترقی اور مسلمانوں کے مختلف مسائل پر دانشوروں نے سوال کئے ۔اس کا عارف محمد خان نے دلائل کے ساتھ جواب دیا ۔
گورنر عارف محمد خان نے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یو سی سی کسی مذہب یا مسلک کے خلاف نہیں ہے ۔اس کا مقصد قانون کی بالادستی کو قائم کرنا اور حقوق نسواں کا تحفظ فراہم کرنا ہے۔ وہ بھی تب جب عورت تنازع ہونے پر عدالت سے انصاف طلب کرے ۔ یو سی سی کا مطلب کسی کی آزادی صلب کرنا نہیں ہے۔
عارف محمد خان نے قرآن فہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک قرآن کی تعلیم کو سمجھیں گے نہیں تب تک اس کے مقاصد کو نہیں سمجھ سکتے ۔عارف محمد خان نے کہا کہ مجھے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ قوم کے بچے اور بچیاں بیدار ہوئی ہیں اور تعلیم کے میدانوں میں اپنی ذہانت کے پرچم بلند کر رہے ہیں ۔ہمیں اس کو اور آگے لے جانے کی ضرورت ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:Arif Masood in Election Committee عارف مسعود کو کانگریس انتخابی کمیٹی میں شامل کیا گیا
واضح رہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن بھوپال مدھیہ پردیش کے زیر اہتمام بھوپال کوہ فضا میں منعقدہ خصوصی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ پروگرام میں ملک کی تعمیر و ترقی اور مسلمانوں کے مختلف مسائل پر دانشوروں نے سوال کیے جس کا عارف محمد خان نے دلائل کے ساتھ جواب دیا-