جبل پور: جمعہ کی دیر رات ریاست مدھیہ پردیش کے جبل پور میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور اے ٹی ایس کے چھاپے ماری کی وجہ سے ہلچل مچ گئی۔ دہلی اور بھوپال کی ٹیموں نے جبل پور کے سول لائن تھانے کے علاقے میں واقع سپریم پلازہ کے اپارٹمنٹ 503 میں رہنے والے ایڈوکیٹ نعیم خان کو حراست میں لیا ہے۔ انڈرورلڈ ڈان ابو سالم کے معاملے میں ایڈوکیٹ نعیم خان نمائندگی کرچکے ہیں، اس کے ساتھ ہی اومتی علاقے کے گھروں میں بیک وقت 8 سے 10 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ جس کے بعد این آئی اے کی ٹیم نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر جبل پور کے بادی علاقے میں چھاپہ مارا۔ اومتی کے رہنے والے ایڈوکیٹ اے عثمانی کے گھر پر تلاشی کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ این آئی اے کی ٹیم نے مقصود کباڑی سمیت 8 مقامات پر بھی چھاپے مارے جس کے بعد این آئی اے نے ایڈوکیٹ احد اللہ عثمانی، ان کے بھائی اے عثمانی، آشو عثمانی، محمد شاہد، محمد بلال اور اظہر علی کے بیٹے معمور سمیت ایک خاتون کو بھی حراست میں لیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ این آئی اے ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں جبل پور پہنچی۔ جس کے بعد جبل پور پولیس کے ساتھ ساتھ مار کارروائی انجام دی گئی۔ اس دوران این آئی اے اور اے ٹی ایس کی ٹیم نے کئی مقامات سے غیر قانونی ہتھیار اور قابل اعتراض لٹریچر برآمد کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ این آئی اے نے تقریبا نصف درجن افراد کو گرفتار کیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ یہ کارروائی ٹیرر فنڈنگ کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ حال ہی میں اے ٹی ایس نے تنظیم حزب التحریر سے روابط کے الزام میں بھوپال سے 10 چھندواڑہ سے ایک اور حیدرآباد سے 5 افراد کو گرفتار کیا تھا۔جس کے بعد جبل پور میں کی گئی کارروائی کو بھی اسی کیس سے جوڑا جارہا ہے۔حالانکہ جبل پور میں کی گئی کارروائی کوخفیہ رکھا گیا تھا۔ اہلکاروں نے بھی اس کارروائی سے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا۔ جبل پور کے اومتی علاقے کو ایک کلو میٹر تک سیل کردیا گیا اور دونوں اطراف سخت بیریکیڈنگ کی گئی اور پولیس ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق این آئی اے کی ٹیم نے سندھی دھرم شالہ علاقے کے رہائشی مقصود کباڑی اور اس کے پاس رہنے والے ایک ڈاکٹر کے رشتہ دار، سول لائنز خان کوچنگ کلاسز کے آپریٹر اور شہر کے اومتی علاقے میں ادھارتال میں بھی بھی چھاپہ مارا ہے۔ حالانکہ حکام اس کی تصدیق نہیں کر رہے ہیں۔ این آئی اے کی اس کارروائی کو جبل پور جیل میں بند ہسٹری شیٹر عبدالرزاق کے کیس سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔