برہان پور: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ ملک میں نفرت، تشدد اور خوف پھیلایا جا رہا ہے اور بھارت جوڑو یاترا اسی کے خلاف ہے۔ راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے ساتھ مہاراشٹر سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع کے بودریلی میں داخل ہوئے۔ اس دوران ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ اور دیگر لیڈروں نے راہل گاندھی کا استقبال کیا۔ قومی پرچم کی منتقلی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ Rahul Gandhi on violence in India
راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں نفرت، تشدد اور خوف کے ماحول کی وجہ سے کسان، مزدور اور نوجوان سبھی پریشان ہیں۔ ان لوگوں کے دلوں میں خوف پھیلایا جا رہا ہے۔ انہی باتوں کے خلاف کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا جو کنیا کماری سے شروع ہوئی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ جب یاترا شروع ہوئی تھی تب اپوزیشن نے کہا تھا کہ یہ یاترا پیدل نہیں جا سکتی۔ لیکن ہم کنیا کماری سے مدھیہ پردیش تک آگئے ہیں اور یہاں 370 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ہم جموں و کشمیر تک پیدل جائیں گے اور سری نگر میں ترنگا لہرائیں گے۔ ہمیں ایسا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔