بھوپال: حج 2023 کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے پروازوں کا عمل اسی مہینے سے شروع ہونے جا رہا ہے جہاں عازمین نے اپنی تیاریاں مکمل کرنا شروع کر دی ہیں۔ وہیں علمائے کرام نے انہیں تربیتی کیمپ کے ذریعے حج اور سفر کے دوران اختیار کیے جانے والے طریقوں پر تربیت دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ شہر میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری یہ مہم اب مزید زور پکڑتی جارہی ہے۔ آج حج تربیتی کیمپ لال مسجد منشی حسین خان میں منعقد کیا گیا۔ بھوپال کے سابق کونسلر شاہد علی نے بتایا کہ صبح 9 بجے سے شروع ہوئے اس تربیتی کیمپ میں قاضی شہر سید مشتاق علی ندوی اور شہر مفتی عبدالکلام خان قاسمی نے حج سے متعلق اہم باتیں بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران حاجیوں کو سفر کے دوران ان کے رویے، اقامہ کی ادائیگی کا طریقہ، کیا کرنا ہے اور کیا نہ کرنا وغیرہ کے بارے میں معلومات دی جائیں گی۔ شاہد علی نے کہا کہ وہ بھوپال کے اطراف کے حاجیوں کے لیے لگائے گئے اس کیمپ میں دیگر لوگوں نے بھی حصہ لیا ہے۔ شاہد علی نے حج کمیٹی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حج پر جانے میں محض ایک ہفتے کا وقت بچا ہے لیکن افسوس کی حج کمیٹی کی جانب سے کسی بھی طرح کی حج تربیت اب تک نہیں دی گئی ہے اور نہ کوئی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ حج تربیتی کیمپ میں حصہ لینے آئے عازمین کا تربیتی کیمپ کے تعلق سے کہنا ہے کہ ہم جہاں جانے کا برسوں سے خواب دیکھ رہے تھے اسے اللہ تعالیٰ نے قبول فرمایا ہے جس کی ہمیں بے حد خوشی ہے۔