اردو

urdu

ETV Bharat / state

Haj 2023 مدھیہ پردیش کے حجاج کرام کی واپسی - mp haj pilgrims

ملک بھر سے اس سال جانے والے حجاج کرام کو مختلف پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سعودی عرب سے حجاج کرام کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہوئیں ہیں۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By

Published : Jul 30, 2023, 4:43 PM IST

Updated : Jul 30, 2023, 5:07 PM IST

مدھیہ پردیش کے حجاج کرام کی واپسی

بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش سال 2023 حج پر جانے والے 8247 حجاج کرام کی پروازوں کے لیے چار امبارکیشن پوائنٹ بنائے گئے تھے۔ جس میں بھوپال، اندور، ناگپور اور ممبئی شامل تھے۔ اس سال جہاں حجاج کرام کو شروعاتی دور سے ہی حج کو لے کر پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تو وہیں یہ سلسلہ سعودی عرب میں مکہ اور مدینہ میں بھی درپیش آیا۔ سفر حج کے دوران حجاج کو ہونے والی پریشانیوں کے ویڈیو وائرل ہوئے جس میں حاجی صاحبان چھوٹی چھوٹی چیزوں کو لے کر پریشان ہوتے نظر آئے۔

آج دارالحکومت بھوپال امبارکیشن پوائنٹ کی آخری پرواز جب بھوپال راجہ بھوج ایئرپورٹ پہنچی تو ہم نے حاجی صاحبان سے سفر حج کے تعلق سے گفتگو کی جس پر ہمیں ملا جلا رد عمل ملا۔ حاجی صاحبان نے بتایا کہ ہمارا سفر حج بہت اچھا رہا اور ہم نے سارے ارکان بہت اچھے سے مکمل کیے اور سبھی کے حق میں دعائیں بھی کی۔ کچھ حاجی صاحبان نے بتایا کہ ہمارا سفر تو اچھا رہا لیکن آخر میں ہمیں ریاض الجنہ کی زیارت نہیں کروائی گئی۔ جس کے لیے ہم چار روز سے انتظار کرتے رہے ہیں۔

وہیں حاجی صاحبان نے خاص طور سے خادم الحجاج کی شکایتیں بھی کی۔ ان کے مطابق پورے سفر حج میں خادم الحجاج انہیں کہیں نظر نہیں آئے اور نہ ہی ان کے ذریعے کسی بھی طرح کی کوئی مدد حاجی صاحبان کو ملی۔ وہیں مقامی سماجی کارکن شاہد علی نے بتایا کہ اس سال حج 2023 میں بہت خامیاں نظر آئی ہے۔ جس طرح سے آج حاجی صاحبان بتا رہے ہیں کہ انہیں ریاض الجنہ میں قدم ہی نہیں رکھنے کو ملا ہیں۔ جس کے لیے انہیں 10 روز تک انتظار بھی کرنا پڑا مگر وہ زیارت نہیں کر پائے۔

شاہد علی نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے جب ریاست مدھیہ پردیش کے حاجی صاحبان کو اتنی مصیبت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا حالانکہ حجاج کرام کا حج مکمل ہو گیا لیکن اس کے خلاف سخت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے جس طرح سے حاجیوں کو پریشانی اٹھانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا ہم اس کے خلاف ایک وفد بنا کر دہلی جائیں گے اور اس کی شکایت اس کے ذمہ دار وزراء اور آل انڈیا حج کمیٹی کے صدر سے بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج کے انتظامات کی ذمہ داری لیتا کوئی اور ہے، اور انہیں دیکھنے جاتا کوئی اور ہے، اور آخر میں حاجی صاحبان کے ساتھ ایسے لوگوں کو بھیجا جاتا ہے جو وہاں کے بارے میں صحیح معلومات نہیں رکھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے حاجی صاحبان کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: حاجیوں سے زیادہ پیسے لے کر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں: ایم پی امتیاز جلیل

واضح رہے کہ ریاست مدھیہ پردیش کو اس بار اب تک کا سب سے زیادہ حج کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا۔ جس میں سب سے پہلے حاجیوں کو فارم جمع کرنے میں پریشانیاں سامنے آئیں، اس کے بعد حکومت کے ذریعے حج کرائے میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا، اور جب حاجی صاحبان سفر حج پر پہنچے تو انہیں کئی طرح کی پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

Last Updated : Jul 30, 2023, 5:07 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details