مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون میں رام نومی کے موقع پر ہوئے تشدد کو پندرہ دنوں کا وقت گزر چکا ہے لیکن آج بھی مسلم طبقے کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمین کے گھروں کو منہدم اور انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔ اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما و ریاستی وزیر کمل پٹیل نے علاقہ کا دورہ کرکے متنازعہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کھرگون میں واقعہ پیش آیا ہے اس طرح کا واقعہ کسی دوسرے مقام پیش نہ آئے اس کے لیے بندوبست کیا جارہا ہے۔ government taking unilateral action in Khargone violence case
انہوں نے کہا کہ کھرگون میں جو کچھ کیا گیا وہ دہشت گرد کارروائی ہے۔ لوگوں کو اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی دہشت پھیلانے والوں کو سبق سکھایا جائے گا۔ انہوں نے قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو دوسروں کے گھروں کو برباد کرے گا ہم ان کے گھروں کو منہدم کردیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو اس معاملہ کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندرون تین ماہ تمام ملزمین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے گھروں کو منہدم کردیا جائے گا اور انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ ملزمین کی جائیداد کو نیلام کرکے نقصان کی بھرپائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو حکومت مدد فراہم کرے گی۔