کھجوراہو: مدھیہ پردیش کے کھجوراہو میں 22 فروری سے شروع ہونے والا جی 20 ممالک کا اجلاس آج ختم ہو گیا۔ میٹنگ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی اکائی کے صدر اور مقامی ایم پی وشنودت شرما نے میٹنگ میں شرکت کرنے والے مندوبین سے ملاقات کی۔ انہیں رخصت کرنے کے موقعے پر شرما نے غیر ملکی مہمانوں کو بھگوت گیتا کی کاپیاں پیش کیں۔ تمام مندوبین نے یہاں پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ اس موقعے پر شرما نے کہا کہ میٹنگ طے ہوتے ہی یہاں تمام لوگوں نے مل کر یہ عزم کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایات کے مطابق 'کلین کھجوراہو اور گرین کھجوراہو' کے نعرے کو حقیقت بنایا جائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس مہم میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
شرما نے کہا کہ یہاں آنے والے لوگوں نے کھجوراہو کی صفائی کو ملک کے سب سے صاف ستھرے شہر اندور کی طرح بہترین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی کونسل نے یہاں جی-20 نمو چلڈرن پارک بنایا ہے۔ تمام ممالک کے نمائندوں نے اس میں پودے لگائے۔ یہ اس ملاقات کی یاد رہے گی۔ یہ پودے جی-20 ممالک کے وسودیو کٹمبم کے تخیل کی ایک ٹھوس شکل ہیں۔ علاقے کے لوگ مل کر ان پودوں کی دیکھ بھال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی-20 ممالک کا پہلا ثقافتی اجلاس تاریخی اور کامیابی سے مکمل ہوا۔ واضح رہے کہ کھجوراہو میں 22 فروری کو جی-20 کے کلچر ورکنگ گروپ کی پہلی میٹنگ منعقد ہوئی۔ مقامی مہاراجہ چھترسال کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی یہ میٹنگ 25 فروری تک جاری رہی، جو آج اختتام پذیر ہوگیا۔