ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال کی فعا ل تنظیم سمپھتی فاؤنڈیشن کے ذریعہ مفت میڈیکل چیک اپ کے لئے میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضرورت مند اور غریب طبقے کے لیے دوائیاں بھی مفت تقسیم کی گئی۔ سمپھتی فاؤنڈیشن کے ذمہ دار فرحان مقرانی نے کہا کہ اب تک تنظیم کے ذریعے 40 فری میڈیکل کیمپ لگائے جاچکے ہیں اور یہ 41 واں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کا ہمیشہ سے یہ مقصد رہا ہے کی صحت مند معاشرہ رہے۔ اسی کوشش کے تحت سمپھتی فاؤنڈیشن کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھوپال کے کئی علاقوں میں لگائے جاتے ہیں، اس میڈیکل کیمپ تمام ڈاکٹر یا پھر طبی شعبہ سے جڑے افراد مفت میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ تنظیم سے جڑ کر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں انہیں یہ کہا جاتا ہے سال کے 364 دن خود کے لئے اور ایک دن قوم اور اور ملک کی خدمت کے لیے لگایا جائے۔ اسی طرح دوائیوں کے کاروبار سے جڑے لوگوں سے ہم کہتے ہیں کہ آپ لوگ دوائیوں کے ذریعہ سال بھر اچھی کمائی کرتے ہیں لیکن کچھ پیسہ ان غریب اور ضرورت مند لوگوں کے لئے لگایا جائے جو مہنگی مہنگی دوائیاں خرید نہیں سکتے ہیں۔ اس طرح سے قوم کی وہ لوگ جو انسانیت پر بھروسہ رکھتے ہیں ہمارے اس میڈیکل کیمپ میں مدد کرتے ہیں اور اپنی خدمات کو انجام دیتے ہیں۔