ریاست مدھیہ پردیش کی تنظیم مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پرموشن سوسائٹی بھوپال Muslim Education and Career Promotion Society Bhopal نے طلبہ کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے مفت کمپیوٹر تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ سوسائٹی کے ذریعہ پہلے کورونا قہر میں اپنے سرپرستوں سے محروم ہوئے طلبہ کی تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کا تاریخی قدم اٹھایا گیا تھا۔
اب سوسائٹی کے ذریعے بلا لحاظ قوم و ملت کو مفت کمپیوٹر تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کر کے سماج کی بڑی تعلیمی ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سوسائٹی کے ذریعہ شروع کی گئی مفت کمپیوٹر تعلیم کو طلبہ نے وقت کی اہم ضرورت سے تعبیر کیا ہے۔ مسلم ایجوکیشن اینڈ کیریئر پرموشن سوسائٹی کے سکریٹری ڈاکٹر ظفر حسن کہتے ہیں کہ سوسائٹی کے قیام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔
سوسائٹی کے ذریعے پہلے میرٹ میں آنے والے طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی تھی، اس کے بعد کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے سوسائٹی کے مقاصد میں طلبہ کے کیریئر کو لیکر گائیڈنس کیمپ اور سماج کے پسماندہ طبقات کو تعلیم کے لیے اسکالر شپ فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور جب نے سوسائٹی نے دیکھا کہ کورونا قہر میں بہت سے ایسے طلبہ جو اپنے سرپرستوں سے محروم ہوگئے ہیں اور مالی دشواریوں کے سبب ان کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہو رہا ہے تو سوسائٹی نے اس جانب توجہ دی اور ایسے طلبہ کی نشاندہی کرکے انہیں چیک تقسیم کیا تاکہ ان کا تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکے۔