مقامی موسم مرکز نے آج ریاست کے آٹھ اضلاع میں کہیں کہیں بارش ہونے،دیگر آٹھ اضلاع میں بہت زیادہ بارش ہونے اور دیگر 16اضلاع میں شدید بارش ہونے کی وارننگ جاری کی ہے۔
سیلاب کی زد میں مدھیہ پردیش دارالحکومت بھوپال میں پچھلے تقریباً تین دن سے بارش کا قہر جاری ہے۔یہاں آسمان میں پوری طرح بادلوں کا ڈیرا ہے اور رک رک کر بارش جاری ہے۔
ویدیشا ضلع میں مسلسل بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر کل پندرہ بستیوں میں پانچ سے چھ فٹ پانی بھرا ہے،اور بیتوا ندی پل سے 15 تا 20 فٹ اوپر بہہ رہی ہے۔
رائے سین ضلع کا بھی مختلف مقامات پر ندیوں اور نالوں میں طغیانی آنے کی وجہ سے ویدیشا اور بھوپال سے سڑک سے رابطہ ٹوٹا ہوا ہے۔یہاں کئی مقامات پر ندیاں پل سے تقریباً 10فٹ اوپر تک بہہ رہی ہیں۔
جبل پور ضلع کے گواری گھاٹ پر گزشتہ شام نرمدا میں نہاتے وقت ساحل پٹیل (19)نام کا نوجوان ڈوب گیا۔دیر رات اس کی تلاش کرنےکے بعد بھی اس کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ۔
وہیں سیہور ضلع میں ایک برساتی نالے میں کار کے گرنے سے اس میں چار لوگوں کی موت ہوگئی۔اسی طرح سیونی ضلع میں دو لوگ بین گنگا ندی میں کار سمیت بہہ گئے۔
شدید بارش کی وجہ سے کل دارالحکومت بھوپال سمیت، سیہور، رائے سین اضلاع میں اسکول اور دیگر تعلیمی اداروں میں ضلع انتظامیہ نے چھٹی کا اعلان کر دیا تھا۔
ساگرضلع میں بھی شدید بارش کی وجہ سے نچلی بستیوں میں جگہ جگہ پانی بھرا ہوا ہے۔یہاں گڑھ کوٹہ کے نالے میں بہے ایک بچے کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔
جبل پور کے برگی باندھ سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے نرمدا ندی میں جگہ جگہ طغیانی ہے۔نرمدا کے بیک واٹر کی وجہ سے بڑوانی ضلع میں گاؤں کے گاؤں ٹاپو بن گئے ہیں۔