بھوپال:آج بھوپال سے نظام الدین جا رہی وندے بھارت ٹرین جیسے ہی بینا کے قریب کروائی کیتھورا پہنچی تو ٹرین میں اچانک آگ لگ گئی۔ دراصل یہ واقعہ وندے بھارت ٹرین کے سی 14 کوچ میں پیش آیا، حالانکہ تمام مسافروں کو بروقت بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ واضح رہے کہ آتشزدگی کا یہ واقعہ کوچ میں نصب بیٹری کی وجہ سے پیش آیا۔ فی الحال آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اطلاعات کے مطابق آج صبح 5.40 پر ٹرین نمبر 20171 (وندے بھارت ٹرین) بھوپال کی رانی کملا پتی سے دہلی کے نظام الدین کے لیے روانہ ہوئی، جب بینا کے قریب کروائی کیتھورا پہنچی تو وہاں اچانک ٹرین سے دھواں اٹھنے لگا۔ سی 14 کوچ میں سیٹ کے نیچے آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ جیسے ہی مسافروں کو اس بات کا علم ہوا تو وہ ادھر ادھر بھاگنے لگے جس کے بعد ٹرین کو روک دیا گیا۔