بھوپال : ریاست مدھیہ پردیش میں آل انڈیا قومی تنظیم نے ریاست مدھیہ پردیش میں اپنے صدر منور کوثر کو منتخب کیا ہے وہیں منور کوثر صوبائی کانگرس کے سینیئر لیڈر بھی ہے۔ اور وہ کانگریس پارٹی میں کئی عہدوں پر فائز بھی رہ چکے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت نے منور کوثر سے خصوصی بات کی ہے کہ آل انڈیا قومی تنظیم ریاست میں کس طرح سے کام کرے گی اور وہ ریاست میں کانگرس لیڈر ہونے کی حیثیت سے پارٹی سے مسلمانوں کے لیے کتنی ٹکٹوں کا مطالبہ کریں گے۔ اس پر منور کوثر نے کہا کہ آل انڈیا قومی تنظیم قومی یکجہتی پر مبنی ہے۔ جس میں سبھی طبقات کے لوگوں کو لے کر چلنا ہے۔ اور ملک میں آج جو حالات چل رہے ہیں، نفرت کی ہوائیں چلائی جا رہی ہیں، اسے روکنا اور لوگوں کے بیچ میں آپسی بھائی چارہ، محبت کے پیغام کو عام کرنا ہے یہی ہماری کوشش ہے اور آل انڈیا قومی تنظیم کا اسی پر کام کرتی چلی آرہی ہے۔
اس سوال پر کہ ریاست میں مسلم طبقے کے بیچ کس طرح کے کام کرنے کی ضرورت ہے اس پر انہوں نے کہا کہ ہمارا مسلم طبقہ ہمیشہ سے ہی بھائی چارے میں یقین رکھتا چلا آرہا ہے۔ اور ہمارے ملک کی یکجہتی بھی بھائی چارے میں ہی یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا اگر کہیں کچھ ایسی بات ہوتی ہے تو دوسرا طبقہ ہمارے مسلم بھائیوں کے طرف سے بولنے کو کھڑا ہو جاتا ہے۔ بس یہاں پہ کچھ لوگ ہی ایسے ہیں جو نفرت پھیلانے کا کام کرتے ہیں لیکن وہ اس میں کامیاب بھی نہیں ہو پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا وہ لوگ جو نفرتوں کو پھیلانا چاہتے ہیں انہیں یہاں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے ذریعہ ریاست میں اس بھائی چارے کو اور مضبوط کرنے کی کوشش کی جائے گی اور محبت کا پیغام عام کیا جائے گا۔ اس سوال پر کہ آل انڈیا قومی تنظیم اس بار ہونے والے ریاست میں اسمبلی انتخابات میں اپنا کیا رول ادا کرے گی اس پر انہوں نے کہا کہ میں تنظیم کے ذمہ دار کے ساتھ ساتھ کانگریس کا لیڈر بھی ہوں اس لیے ہم عوام کے بیچ ضرور جائیں گے اور عوام کو بیدار کریں گے کہ اسمبلی انتخابات میں کس طرح کے امیدوار کا انتخاب کرنا ہے۔