بھوپال: رمضان المبارک کا مقدس مہینہ چل رہا ہے۔ اور روزہ دار خدا کی عبادت کر رہے ہیں۔ وہیں بازاروں میں زیادہ تر دکانوں پر شیرمال اور فینی سجی ہوئی نظر آرہی ہے۔ خریداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ماہ رمضان میں شیر مال اور فینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ میٹھی ڈش کا اپنا ایک منفرد مزہ ہے۔ رمضان کے پورے مہینے میں کھائی جانے والی فینی اس وقت بازاروں میں 150 سے 180 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں اہم بات یہ ہے کہ اگر آپ بھوپال کے کسی بھی علاقے میں رہتے ہیں اور آپ فینی خریدنا چاہتے ہیں تو پرانا شہر آپ کے لیے سب سے بہتر ہوگا۔ شہر جا کر بہترین فینی خرید سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ اسے اپنے سامنے بنتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ تاکہ آپ کو معیار کی فکر نہ ہو۔ رمضان میں فینی اور شیر مال زیادہ خریدی جاتی ہے۔ ان چیزوں کی بہت سی دکانیں بھوپال کے اہم بازاروں اور دیگر مقامات کے ارد گرد آسانی سے مل جاتے ہیں۔
فینی اور شیر مال کے دوکان دار محمد زید نے بتایا کہ ماہ رمضان میں بیکری کے آئٹم کی ڈیمانڈ عام دنوں کے مقابلے زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال کے زیادہ تر لوگ سحری کے وقت فینی اور بیکری کے ایٹم کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔ فینی کا استعمال خاص طور سے اس لیے کیا جاتا ہے۔ کیوں کہ یہ کھانے میں ہلکی غذا کے طور پر مانی جاتی ہے۔ دارالحکومت بھوپال میں فینی کا کاروبار بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ جس کے لیے خاص طور سے اترپردیش سے فینی بنانے والے آتے ہیں۔ بھوپال میں یا تو مقامی لوگ فینی بنانے والوں کو بلاتے ہیں یا پھر خود اتر پردیش کے فینی کے تاجر پورے رمضان کے مہینے میں بھوپال آ کر تجارت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ یہاں بھوپال آ کر پورے سال کا اس ماہ رمضان میں ویپار کرلیتے ہیں۔