بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی مرکزی اسمبلی حلقے کے امیدوار اور رکن اسمبلی عارف مسعود کی انتخابی مہم پروان چڑھ رہی ہے۔ مرکزی اسمبلی حلقے کی عوام انہیں خصوصی طور پر رسپانس دے رہی ہے۔ اس موقع پر کانگرس امیدوار عارف مسعود نے کہا کہ دارالحکومت بھوپال کو گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ مانا جاتا ہے۔ ملک میں کہیں کچھ بھی ہوا ہو لیکن بھوپال نے اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر حاضرین اور اہل حلقہ سے اپیل کی، کہ وہ وقت کی نزاکت کو سمجھیں اور جو حالات ہیں ان میں کانگرس کو مضبوط بنائیں۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے پچھلے انتخابات میں اسی جگہ سے اپنے عوامی، ملنسار اور بیباک امیدوار کو منتخب کیا تھا، اب آپ لوگوں کو ایک بار پھر اپنے نمائندے کو منتخب کرنا ہے، یہ ہم سب کی محنت اور کوششوں سے ہی ممکن ہوگا۔ اس موقع پر عارف مسعود نے اپنے پانچ سالہ کارگردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عوامی مسائل کے ساتھ ہی حکومت کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف سڑک ہی نہیں ایوان اسمبلی سے لیکر دہلی تک آواز بلند کی اور انصاف کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ایک بار پھر اس بار انتخابات میں کانگرس کے ہاتھ مضبوط کیجئے۔