بھوپال: پلوامہ حملے کی چوتھی برسی پر راجیہ سبھا ممبر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی دگ وجے سنگھ کے ایک ٹویٹ سے ریاست کی سیاست گرما گئی ہے۔ جہاں دگ وجے سنگھ نے پلوامہ حملے کو انٹیلی جنس کی چوک بتایا ہے، وہیں وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ ہی بھارتی جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے دگ وجے سنگھ کے بیان کی سخت تنقید کی ہے۔ وزیراعلی شیوراج سنگھ نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ دگ وجے سنگھ کی عقل ناکارہ ہوگئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ چار سال قبل 14 فروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردوں نے سی آر پی ایف اہلکاروں سے بھری بس پر حملہ کیا تھا جس میں 40 فوجی شہید ہوئے تھے۔ پلوامہ حملے کی برسی پر پورا ملک شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ان 40 شہید سی آر پی ایف نو جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو انٹیلی جینس کی بڑی چوک کی وجہ سے پلوامہ میں شہید ہوئے تھے۔ دگ وجے سنگھ کے اس ٹویٹ کے بعد وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے ان کے خلاف جوابی حملہ کیا ہے۔