ریاست مدھیہ پردیش کی وزیر اوشا ٹھاکر،بھوپال کی رکن پارلیمان پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے متنازعہ بیانات کے بعد اب بھارتی جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی رامیشور شرما نے متنازعہ بیان دیا ہے،انہوں نے اپنے ایک بیان میں لوگوں کو ہتھیار رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ہتھیار اپنے دفاع کے لیے رکھے جائیں۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ کو موصول ہونے والی انٹیلیجنس ان پٹ پر رامیشور شرما نے کہا کہ ماحول خراب کرنے والوں پر سختی ضروری ہے۔ ایسے لوگوں کو کچل دیا جائے، درحقیقت ریاست کے محکمہ داخلہ کو یہ اطلاع ملی ہے کہ نئے سال پر ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے تمام کلکٹرز اور ایس پیز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے انہیں چوکنا اور محتاط رہنے کو کہا ہے۔ BJP MLA Rameshwar Sharma advised to keep arms
خاص طور پر یکم جنوری سے 31 مارچ تک خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں بدامنی پھیلانے والوں پر این ایس اے (نیشنل سیکیورٹی ایکٹ) لگانے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ بھارتی جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی رامیشور شرما نے کہا کہ تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں علاقوں میں گھوم رہی ہیں۔ کئی ایسے لوگ ہیں جنہوں نے ریاست کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا پر گئے تھے وہ محبت پھیلا رہے تھے لیکن یاترا کے دوران غداری کے نعرے لگائے گئے ۔