بھوپال:کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی رکنیت منسوخی کے بعد ریاستی کانگریس کے کارکنان کی جانب سے ایس سی، ایس ٹی ونگ نے قبائلی اور پسماندہ طبقات کے مسائل پر شدید احتجاج کیا۔ ریاستی کانگریس کے دفتر میں میٹنگ کے بعد کانگریسیوں نے سی ایم ہاؤس کا محاصرہ کرنے کے لیے مارچ کیا۔ پولیس اہلکاروں نے ریڈ کراس ہسپتال کے سامنے کانگریس کے کارکنان کو روکا۔ اس دوران کئی بار کانگریس کے کارکنان کے ساتھ پولیس کی جھڑپ بھی ہوئی۔ ایک خاتون کارکن نے بھی پولیس پولیس خاتون پر ہاتھ اٹھایا شدید مظاہرے کو دیکھ کر پولیس نے کچھ کو گرفتار کرلیا۔
کانگریس کے احتجاج میں شامل ڈبرا کے کانگریس رکن اسمبلی سریش راجے نے کہا کہ مرکز میں مودی اور ریاست میں شیور اج حکومت جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں راہل گاندھی اور ریاستی اسمبلی میں جیتو پٹواری بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازش کا شکار ہوگئے۔ شیوراج نے کمل ناتھ کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر اقتدار حاصل کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انتخابات میں شکست کا بدلہ ایس سی، ایس ٹی، قبائلی اور پسماندہ طبقات سے لیا جا رہا ہے۔ قبائلی رہنماؤں کو اسمبلی میں بولنے کی اجازت نہیں ہے۔ جب بھی پسماندہ کی آواز بلند ہوتی ہے تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔