گوالیار: کانگریس کے سینئر لیڈر اور گوالیار چمبل ڈویژن کے انچارج اجے سنگھ نے کہا کہ آئندہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس آگے بڑھ کر زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔ اجے سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پچھلے انتخابات میں وندھیا اور گوالیار چمبل میں کمزور ہوگئی تھی۔ ان علاقوں میں محنت کرکے پارٹی کی پوزیشن کو مزید مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے بعد اب ہم مدھیہ پردیش بھی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ہرانے والے لیڈر جیوترادتیہ سندھیا اور ان جیسے لوگوں نے کانگریس چھوڑ دی ہے، اس سے کانگریس کو فائدہ ہونے والا ہے۔ اب کانگریس میں ایسا کوئی شخص نہیں بچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے ہر سیٹ کی جانچ کرکے ٹکٹ دے گی۔ کانگریس لیڈر اشوک سنگھ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخابات آتے ہیں، یہاں کے کارکنوں کو گنا بھیج دیا جاتا ہے۔ اب کانگریس اس سے آزاد ہوگئی ہے۔ کانگریس کو شکست دینے والے پارٹی چھوڑ چکے ہیں اور عوام بھی سمجھ چکی ہے کہ کون کیا کرتا ہے۔ انتخابی امور کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کو 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کرنے اور خواتین کے اعزاز میں 1500 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ حکومت آنے پر اسے مکمل کریں گے لیکن انتخابات میں مسائل تو انتخابات کے وقت ہی سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی معاملہ بے روزگاری اور بدعنوانی ہیں۔ ہم ان مسائل کے ساتھ ساتھ دیگر امور پر بھی عوام کے درمیان جائیں گے۔