بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ 17 نومبر کو ایک مرحلے میں انتخابات کے اعلان کے بعد سبھی پارٹیاں اپنے امیدواروں کی فہرست کو لے کر پش و پیش میں نظر آرہی ہے۔ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتی جنتا پارٹی نے انتخابی مہم مینجمنٹ اور امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے میں کانگرس پر برتری حاصل کر لی ہے۔ اب مدھیہ پردیش پی سی سی چیف کمل ناتھ نے کانگریس امیدواروں کی فہرست کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔
کمل ناتھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگرس کی فہرست ہندو مذہب کے شرادھ پکشا کے بعد آئے گی۔ آپ کو یہاں بتا دیں کہ کانگرس کے سینٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ 7 اکتوبر کو منعقد ہوئی تھی۔ اس میں تقریبا 140 امیدواروں کے ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد پی سی چیف نے بتایا کہ کانگرس 6 سے 7 دنوں میں سینٹرل الیکشن کمیٹی کی ایک اور میٹنگ کرے گی۔ جس کے بعد امیدواروں کے ناموں پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ معلومات کے مطابق کانگرس سینٹرل الیکشن کمیٹی کی میٹنگ 13 اور 14 اکتوبر کو دہلی میں ہو رہی ہے۔ اس میں مدھیہ پردیش کی سیٹوں پر بات کی جائے گی۔