ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے مرکزی اسمبلی حلقہ سے کانگریس رکن اسمبلی عارف مسعود کی قیادت میں آج بڑی تعداد میں کانگرس کارکنان نے اترپردیش کے لکھیم پور تشدد معاملہ اور کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی گرفتاری پر راج بھون کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس فورس نے مظاہرین کو لیلیٰ ٹاکیز کے نزدیک بیریکیڈ لگاکر روک دیا۔
کانگریس کارکنان لکھیم پور کھیری میں کسانوں پر گاڑی چڑھاکر بے رحمی سے قتل کیے جانے اور پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے آج نیلم پارک میں جمع ہوئے۔ جہاں سے انہوں نے ریلی نکالتے ہوئے راج بھون کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں بیریکیڈ لگاکر روک دیا۔ یہیں پر کانگریس کارکنان نے گورنر کے نام ایک میمورنڈم بھی سونپا۔
اس موقع پر موجود رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ ملک کا کسان مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے نہ ڈرے گا اور نہ ہی جھکے گا۔ حکومت لکھیم پور معاملے کی سی بی آئی جانچ کروائے۔ ملزم وزیر کو اس کے عہدے سے برخاست کیا جائے اور قصورواروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔