بھوپال میں رکن اسمبلی عارف مسعود کا ستیہ گرہ بھوپال: منی پور میں گزشتہ ڈھائی مہینوں سے جاری نسلی تشدد اور حال ہی میں دو خواتین کو برہنہ کر کے سڑکوں پر گھمائے جانے جیسے افسوسناک واقعے کے خلاف ملک بھر میں لوگوں میں ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔ جبکہ پارلیمنٹ میں اس معاملے میں بحث کرانے کے اپوزیشن کے مطالبہ پر تعطل برقرار ہے۔
ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے مرکزی حلقے کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے آج منٹوہال واقع گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے ایک دن کا ستیہ گرہ کر منی پور میں امن کی بحالی اور خواتین کی عزت تار تار کرنے والے قصور والوں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔
رکن اسمبلی عارف مسعود کی قیادت میں گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے سیاہ کپڑے پہن کر ستیہ گرہ کیا گیا جس میں کانگرس کارکنان سمیت خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دھرنے پر بیٹھے ہوئے لوگ سلوگن لکھے پلے کارڈ تھامے ہوئے تھے۔
اس موقع پر رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ منی پور کا واقعہ ملک کے لیے شرمناک ہے۔ افسوس کہ کارگل جنگ میں ملک کی حفاظت کرنے والے قبائلی فوجی کی اہلیہ کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی جو کہ انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ منی پور میں لوگوں کے گھر جلائے جا رہے ہیں۔خواتین کی برہنہ پریڈ کی گئی ہے۔ یہ ملک کے لیے تشویشناک بات ہے۔ انسانیت کو مجروح کر دینے والے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں، ایسے میں ریاست منی پور اور مرکزی حکومت کو فوری طور پر انتہائی سخت فیصلے لینے چاہیے تاکہ امن، سکون، بھائی چارہ اور قانون کی حکمرانی قائم ہو، جہاں لوگ اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ آزادانہ ماحول میں رہ سکے۔
یہ بھی پڑھیں:Manipur Violence احتجاج کرنے پر عاپ رہنما کو حراست میں لیا گیا
رکن اسمبلی عارف مسعود نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ریاست کے وزیراعلی نے بروقت حالات کو نہیں سنبھالا اور منی پور میں دو ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ منی پور میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی تھی۔ خواتین کو پولیس کی گاڑیوں سے اتار کر برہنہ گھمایا جا رہا تھا، ڈبل انجن والی حکومت خاموش تماشائی بنی رہی اور وزیراعظم نریندر مودی باہر کے ملکوں میں اعزاز حاصل کرنے میں مصروف رہے، اب مودی جی مان لے کے منی پور فسادات کی اگ میں جل رہا ہے۔