سدھی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قائدین پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی لیڈر یہ بھول گئے ہیں کہ ذات پات اور مذہب کی بات کرنے سے عوام کا ووٹ نہیں ملتا، اس کے لئے کام کرنا پڑتا ہے کیونکہ عوام ہی سپریم ہے۔ پرینکا گاندھی نے ضلع کے چندواہی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پلیٹ فارم سے یہ کہنا چاہتی ہیں کہ آپ کو وہ نہیں ملا جو آپ کو ملنا چاہیے تھا۔ بی جے پی کے جو لیڈر حکومت چلا رہے ہیں وہ یہ بھول گئے ہیں کہ عوام سپریم ہے۔ بی جے پی لیڈر مذہب اور ذات پات کی بات کرکے عوام کے ووٹ حاصل کرتے ہیں، لیکن ووٹ تو کام پر ملنا چاہئے، اسی لیے وہ عوام سے کہتی ہیں کہ انہیں آگاہ ہونے کی ضرورت ہے، تاکہ عوام کو احساس ہو کہ آپ مالک ہیں اور حکومت آپ کو مسترد نہیں کر سکے گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ بی جے پی نے 22 ہزار اعلانات کئے ہیں جو شاید انہیں یاد بھی نہیں ہیں۔ آپ کو ان کے جھوٹے اعلانات بھی یاد نہیں ہوں گے۔ کیونکہ بی جے پی کے اعلانات کھوکھلے ہوتے ہیں، جو صرف انتخابات کے وقت کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل لاڈلی بہنا یوجنا شروع کی ہے، گزشتہ 18 سال سے حکومت انہی کی ہے تو پھر انہیں بہنوں کی یاد کیوں نہیں آئی۔