بھوپال: سابق گورنر اور کانگریس کے سینئر رہنما عزیز قریشی نے پارٹی کے نرم ہندتوا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس خوفزدہ ہے کہ اگر اس نے مسلمانوں کی بات کی تو ہندو ہمارے خلاف ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ مجھے پارٹی سے نکال سکتے ہیں لیکن میں خبردار کر رہا ہوں کہ اگر مسلمان نہیں رہے گا تو کوئی آپ کے ساتھ نہیں ہوگا۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس کے انتخابی مہم کے لیے جبل پور پہنچی پرینکا گاندھی کا گوری گھاٹ پر پوجا اور ہندتوا کی بات کرنا کیا کانگریس کو نقصان پہنچا سکتا ہے؟ کیا نرم ہندوتوا کی مخالفت کانگریس کے اندر ہی شروع ہو گئی ہے؟
پارٹی کے رہنما اور سابق گورنر عزیز قریشی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہو یا سماج وادی پارٹی، یہ پارٹیاں خوفزدہ ہیں کہ اگر وہ صرف مسلمانوں کے لیے بات کریں گی تو ہندو ہمارے خلاف ہو جائیں گے۔ میں ان جماعتوں کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کو نکالنا ہے تو مجھے پارٹی سے نکال دو، لیکن میں مسلمان کی آواز اٹھاؤں گا، مسلمان کسی کا غلام نہیں ہے، لیکن اگر آپ نے بھی آواز نہیں اٹھائی تو وہ تمہارے خلاف ہو جائے گا۔