بھوپال: مدھیہ پردیش کے دار الحکومت بھوپال میں کانگریس کے رہنما انس پٹھان پر لاٹھیوں سے جان لیوا حملہ کیا گیا۔ جس کے بعد انہیں فورا اسپتال منتقل کیا گیا۔ فی الحال اس معاملے میں کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے۔
دراصل دار الحکومت بھوپال میں کانگریس کے دفتر میں پارٹی کے قومی میڈیا صدر کی پریس کانفرنس کے دوران مسلح افراد نے کانگریس رہنما انس پٹھان پر حملہ کر دیا۔ جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور ان کے سر میں چوٹیں آئیں۔ انس پٹھان پر حملے کے بعد کانگریس دفتر میں افراتفری مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 4 بجے نامعلوم افراد ریاستی کانگریس کے دفتر میں داخل ہوئے، جس کے بعد انہوں نے اچانک پی سی شرما کے کٹر حامی اور کانگریس رہنما انس پٹھان پر لاٹھیوں سے جان لیوا حملہ کردیا۔ حملے کے بعد انس پٹھان کو سر پر شدید چوٹ کی وجہ سے فوری طور پر کانگریس دفتر کے قریب واقع ریڈ کراس اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بعد میں کانگریس رہنما انس پٹھان کو بنسل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کانگریس کے دفتر میں مسلح حملہ کرنے والے افراد کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ ’’حملہ آور پانچ افراد تھے جو ہتھیاروں سے لیس تھے۔