مسلم نمائندہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چندن کھیڑی گاؤں میں پیش آئے فرقہ وارانہ معاملے میں غیر جانبدارانہ طریقے سے کارروائی کی جائے۔ کشیدگی کے پیش نظر علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
دراصل مدھیہ پردیش کے ضلع اندور کے چندن کھیڑی گاؤں میں رام مندر تعمیر کے حوالے سے وی ایچ پی کی جانب سے ریلی نکالنے پرعلاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے۔
گاؤں میں دو روز قبل فرقہ وارانہ واقعہ پیش آیا تھا، جس میں مخصوص طبقہ کی عبادت گاہ، گاڑیاں اور مکانات کو نقصان پہنچایا گیا تھا، جس پر پولیس کارروائی سے مسلم طبقہ سخت ناراض ہے۔
مسلم نمائندہ کمیٹی اور شہر قاضی ابو ریحان فاروقی انسپکٹر جنرل آف پولیس دفتر پہنچے اور میمورنڈم سونپا، اس دوران مطالبہ کیا گیا کہ شر پسند عناصر کے خلاف غیر جانبدارانہ طریقے سے سخت کارروائی کی جائے۔