ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گنا کے جگن پور گاؤں میں تجاوزات ہٹانے کے دوران غریب جوڑے کو بری طرح زد و کوب کرنے کی خبریں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کلکٹر ایس وشوناتھ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کو فی الفور معطل کرنے کی ہدایت دی۔
مسٹر چوہان نے بھوپال میں اس واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے بعد کہا کہ کسی بھی طرح کی ظلم و بربریت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جگن پور گاؤں کی گذشتہ روز کے واقعے کی اعلیٰ سطحی تفتیش کا حکم دیا گیا ہے۔ اس میں جو بھی مجرم پایا جائے گا اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ جگن پور گاؤں میں گزشتہ روز تجاوزات ہٹانے کی کاروائی کے دوران راجکمار اہیروار اور ان کی اہلیہ ساویتری بائی کو پولیس اہلکاروں نے بری طرح پیٹا تھا جس کے بعد اس جوڑے نے زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مدھیہ پردیش: دلت جوڑے کی بے رحمی سے پٹائی، ویڈیو وائرل