مدھیہ پردیش میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے پیش نظر آج وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'پوری دنیا کے ساتھ مدھیہ پردیش بھی کورونا وبا سے لڑ رہا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کی وبا ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہے۔ اس لیے ہم لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں کہ ماسک لگائیں، سینیٹائزر کا استعمال کریں اور ایک دوسرے سے فاصلہ بنائے رکھیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ 'کورونا سے لڑائی ایک طرح سے جنگ ہے اور جنگ میں پورے ملک کو ایک ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ اس جنگ میں ہم سب کو ایک ساتھ لڑنا ہوگا، تاکہ کورونا انفکشن کے چین کو توڑا جاسکے۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'کورونا انفیکشن کو روکنے کا ایک ہی حل ہے، ہم گھروں میں رہیں۔ بغیرکسی کام کے باہر نہ نکلیں، اگر 30 اپریل تک ان باتوں پر عمل کیا گیا تو تو ہم کورونا کی رفتار کو روک سکتے ہیں۔
شیوراج سنگھ چوہان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا 'کفن سے چھوٹا ماسک' ہوتا ہے اور اسے لگانا آسان ہے اس لیے اسے ہمیشہ لگائے رکھیں۔
شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ہم اس وقت زیادہ تر کورونا کے مریضوں کو ہوم آئسولیٹ کر رہے ہیں اور ڈاکٹروں کی مدد سے انہیں گھروں پر ہی دوا مفت پہنچائی جا رہی ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ عوام کو ذرا بھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے جتنا ہوسکے گا حکومت ان کے لیے بہتر انتظامات کرے گی۔ بس ہمیں عوام سے تعاون کی ضرورت ہے۔