شیو پوری: ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع شیو پوری میں آج صبح طلبہ وطالبات سے بھری بس الٹنے سے ایک طالب علم سمیت دو افراد کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ گوالیار- دیواس فور لین نیشنل ہائی وے پر گاؤں بانسکھیڑی کے قریب پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ طلبہ وطالبات ونواسی لیلا پروگرام کرنے جا رہے تھے۔ حادثے میں ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی، ساتھ ہی 25 سے زائد طلباء زخمی ہیں۔ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سبھی کو علاج کے لیے ضلع اسپتال شیو پوری لایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کا شکار بس گوالیار سے شاجاپور جا رہی تھی، جو شیو پوری کے دیہی پولیس اسٹیشن کے تحت گاؤں بانسکھیڑی کے قریب الٹ گئی۔ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ بس ڈرائیور کو نیند آنا ہوسکتا ہے۔
تاہم یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بس کے آگے چل رہے ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے یہ بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ڈرائیور کا نام کرن یادو اور طالب علم کا نام امن بتایا گیا ہے۔ زخمیوں کے مطابق یہ سبھی نرمداپورم کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں، جو ونواسی لیلا پروگرام کرنے نکلے تھے۔ اب تک وہ 3 اضلاع میں اپنا پریزنٹیشن دے چکے ہیں۔ کل رات وہ گوالیار سے اپنا پروگرام مکمل کرنے کے بعد شاجاپور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ کلکٹر رویندر کمار چودھری کے مطابق تقریباً 25 افراد کو علاج کے لیے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔