بھوپال: مدھیہ پردیش میں اقتدار برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آج رات 39 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی، جس میں کئی حیران کن نام بھی سامنے آئے ہیں۔
اس فہرست میں مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو مورینا ضلع کے دیمنی اسمبلی حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے کنوینر، تومر فی الحال مورینا پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک اور مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل کو نرسنگھ پور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ مسٹر پٹیل دموہ پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایک اور مرکزی وزیر اور منڈلا کے ایم پی فگن سنگھ کلستے کو درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص نشست سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اندور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جبل پور مغربی اسمبلی حلقہ سے سابق ریاستی صدر راکیش سنگھ، ستنا سے گنیش سنگھ، سدھی سے محترمہ ریتی پاٹھک اور گڈرواڑا سے راؤ ادے پرتاپ سنگھ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ چاروں امیدوار اس وقت بالترتیب جبل پور، ستنا، سدھی اور ہوشنگ آباد حلقوں سے ایم پی ہیں۔