کورونا کی وجہ سے حکومت لوگوں سے ماسک لگانے کی اپیل کر رہی ہے۔ یہ سرکاری حکم عام سے لے کر خاص تک ہر ایک پر نافذ ہے، لیکن بی جے پی کارکنان اس کے خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ تازہ ترین معاملہ اہنسا چوک کا ہے، جہاں بغیر ماسک روکے جانے پر خود کو بی جے پی کے رکن پارلیمان میڈیا انچارج بتانے والے رشبھ داس، رنجیت ٹھاکر اور رہنما پشپ راج پانڈے نے جم کر ہنگامہ کیا۔
پہلے تو ان افراد نے خاتون پولیس کانسٹیبل کے ساتھ بدسلوکی کی اور پھر بی جے پی رہنما پشپ راج پانڈے سڑک پر لیٹ گئے۔ بی جے پی کارکنوں نے موقع پر کلکٹر اور ایس پی کو بلانے کی مانگ کرنے لگے اور پولیس کی وردی اتروانے کی دھمکی دینے لگے۔ کافی دیر چلی ہنگامہ آرائی کے دوران وہاں موجود لوگوں نے ویڈیو بنا لی، جو سوشل میڈیا پر اب وائرل ہو رہی ہے۔