بھوپال:بہار کے پورنیہ کے دس طلباء مدرسہ کے استاد محبوب عالم کے ہمراہ سات جون کو بہار کے پورنیہ سے بھوپال کے مدرسے میں داخلہ کے سلسلے میں آ رہے تھے تبھی بیرا گڑھ ریلوے پولیس نے انہیں گرفتار کر کے سی ڈبلیو سی (چائلڈ ویلفیئر سینٹر)کے حوالے کردیا تھا- مدرسہ کے استاد پر بچوں کو اغوا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا لیکن جب بچوں کے والدین بہار کے پورنیہ سے بھوپال سی ڈبلیو سی میں حاضر ہوئے تو ان کے دستاویزات کی جانچ کی گئی، لیکن والدین کی بچوں سے ملاقات کرانے سے انکار کردیا گیا- انہیں بہار سی ڈبلیو سی کے حوالے کردیا گیا۔ اور اب بہار سی ڈبلیو سی تمام دستاویزات کی جانچ کرنے کے بعد بچوں کو ان کے والدین کے ہمراہ گھر کے لیے روانہ کردیا ہے۔
بہار پورنیہ کے سماجی کارکن ڈاکٹر امتیاز احمد کہتے ہیں کہ کہ پورنیہ بہار سے 10 بچے بھوپال اس لیے ان کے والدین نے بھیجے تھے تاکہ وہ وہاں پر مدرسے میں رہ کر تعلیم حاصل کر سکیں- مگر یہ بچے بھوپال میں تعصب کا شکار ہوئے اور ایک لمبی قانونی لڑائی اور جدوجہد کے بعد سبھی بچوں کو سی ڈبلیو سی نے والدین کے حوالے کیے انہوں نے کہا ہم اس کام میں جن لوگوں نے بھی تعاؤن کیا ہیں- ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں- خصوصی طور پر مدھیہ پردیش جمیعت علماء کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھوپال سے بہار تک قانونی لڑائی میں ہماری ہر قدم مدد کی-