بھوپال کی برکت اللہ ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام آج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سو برس پر قومی سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک کے کئی دانشوروں نے شرکت کی۔
بھوپال: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سو برس پر قومی سیمینار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا بھوپال سے خاص تعلق رہا ہے۔ بھوپال کی نواب سلطان جہاں بیگم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی بانی چانسلر تھیں۔ بھوپال اسٹیٹ اور بھوپال نواب کا یونیورسٹی کی تعلیم میں بڑا مالی تعاون بھی ہے۔ یونیورسٹی کی کئی عمارتیں نواب بھوپال کی تعمیر کردہ ہیں۔
بھوپال شہر سے ان کا خاص رشتہ ہونے کی بنیاد پر مولانا برکت اللہ بھوپالی ایجوکیشن اینڈ سوشل سروس سوسائٹی کے زیر اہتمام قومی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ اس سیمینار میں ملک کے معروف اسکالر پروفیسر اخترالواسع، وائس چانسلر مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور نے صدارت فرمائیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان نے ہمیں ایسا تعلیمی نظام دیا کہ نئے دور کی ضرورتیں پوری ہورہی ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پوری دنیا میں اے ایم یو کے فارغین موجود ہیں۔ پروفیسر اخترالواسع نے کہا اب تعلیم کا شوق بڑھ رہا ہے۔ اور خاص طور سے لڑکیوں میں تعلیم کا ذوق لڑکوں کے مقابلے زیادہ بڑھا اور یہ ایک اچھی علامت ہے۔
آج کے سیمینار میں ملک کے دانشوروں، ادیبوں، شاعروں اور اسکالرز نے سرسید احمد خان کی تعلیمی خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔