ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے حمیدیہ ہسپتال کے کملا نہرو اسپتال میں واقع چائلڈ وارڈ (اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ) میں گزشتہ رات نو بجے آگ لگنے کے درد ناک حادثہ کے بعد بھوپال مرکزی حلقے کے رکن اسمبلی عارف مسعود نے اسپتال کا دورہ کیا۔
بھوپال کے سرکاری حمیدیہ ہسپتال کیمپس میں واقع کملا نہرو اسپتال کی تیسری منزل پر واقع انفینٹ وارڈ میں تقریبا رات 9 بجے زبردست آگ لگنے کا معاملہ پیش آیا تھا۔ اس وارڈ میں تقریبا 40 بچے تھے لیکن آگ لگنے کی وجہ سے چار بچوں کی دردناک موت ہوگئی اور باقی تقریباً 36 بچوں کو ہنگامی حالت میں دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرکے علاج کیا جارہا ہے۔
وہیں حادثے کے بعد سیاسی لیڈروں کا اسپتال کا دورہ جاری ہے۔ کانگریس سے رکن اسمبلی عارف مسعود نے بھی ہسپتال پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران عارف مسعود نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حادثہ تو بہت بڑا ہوا ہے، لیکن اسپتال کے ڈاکٹروں کا اسٹاف کی تعریف کی جانی چاہیے کہ وہ لگاتار بچاؤ کام میں مصروف ہوئے ہیں۔ جس وارڈ میں یہ حادثہ ہوا ہے وہاں سے بچوں کو دوسری جگہ شفٹ کر دیا گیا ہے۔
عارف محسود نے اس حادثے کا ذمہ دار فائر سسٹم کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں آگ بجھانے کے انتظامات صحیح نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کسی پر بھی الزام دینا صحیح نہیں ہوگا کیونکہ ہسپتال کے سبھی لوگ بہت اچھے سے اپنے کاموں کو انجام دے رہے ہیں۔