بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ہر سال کی طرح امسال بھی رمضان المبارک کے موقعے پر عارف مسعود فینز کلب کی جانب سے جنسی چوک پر رمضان المبارک کی فضیلت اور روزے، نماز، حج، زکوٰۃ کے حوالے سے جلسہ منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ رات گئے تک کفیل اشرف لکھنوی صاحب کا بیان سنا گیا۔ مولانا کفیل اشرف لکھنوی نے کہا کہ روزہ ہر بالغ مرد اور عورت پر فرض ہے۔ اگر کوئی جان بوجھ کر روزہ چھوڑتا ہے تو اللہ اسے معاف نہیں کرے گا۔ اسے چھوڑے ہوئے روزے کی قضا ادا کرنی ہوگی۔ ہم قرآن کو بالکل بھول چکے ہیں جب کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے رمضان المبارک میں اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا۔ قرآن کے نزول کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی کے رسم و رواج کو جانیں اور اس پر پوری طرح عمل کریں۔
انہوں نے قرآن کے بارے میں بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ایک پیمانہ بنایا ہے جہاں اللہ تعالیٰ نے زکوٰۃ کا ذکر جتنی بار فرمایا ہے اتنی ہی بار نماز کا ذکر کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ رمضان المبارک کے اس مہینے میں اللہ تعالیٰ رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے کیونکہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی مغفرت فرما کر انہیں رزق و روزی سے نوازتا ہے جو شخص اس مہینے میں توبہ نہیں کرتا اور اللہ سے معافی نہیں مانگتا وہ بڑا بدبخت ہے۔