حجاج کرام بنیادی سہولیات سے محروم بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش کے حجاج کرام مکہ مکرمہ میں کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں جس کا ویڈیو بنا کر انہوں نے جمعیت علما مدھیہ پردیش کو بھیجا ہے۔ مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے بلڈنگ نمبر 293 میں درپیش مسائل کا ذکر کیا ہے۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ یہاں پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات بھی نہیں ہیں۔ مکہ میں 46 ڈگری درجہ حرارت میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث شدید گرمی کے باعث حجاج کافی پریشان ہیں۔ وہیں وضو کے لئے بیت الخلا سے پانی لینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج شام عازمین کو غسل کرکے احرام باندھنا پڑا اور منیٰ حج کے پہلے سفر کے لیے تیار ہونا پڑا، تاہم ہوٹل میں پانی نہیں ہے، بجلی بھی نہیں ہے۔
حجاج کے مطابق یہ تمام مشکلات حج کمیٹی کی نااہلی کی وجہ سے ہے، کیونکہ کمیٹی نے وہاں کے انتظامات کے بارے میں سرکاری افسران کو بھی آگاہ نہیں کیا۔ شروع میں تو صرف کاغذی اور زبانی خدشات ہی نظر آتے تھے، لیکن اب وہ بھی نہیں ہیں اور حج کمیٹی عازمین کی لوٹ مار کو خاموشی سے دیکھ رہی ہے حتی کہ عازمین کے لیے قربانی کرنے کے لیے کوئی گائیڈ بھی نہیں ہے تاکہ عازمین کو آسانی سے حج کی سعادت حاصل ہو سکے۔ ریاست کے حجاج مسلسل جمیعت علماء مدھیہ پردیش کے رابطے میں ہیں اور عازمین کو ہونے والی پریشانی کے ویڈیوز وہاں سے جمیعت کو بھیجے جا رہے ہیں۔
وہیں مکہ سے بھیجے گئے ایک ویڈیو میں بلڈنگ نمبر 293 کے حجاج نے اپنی پریشانیوں کا تذکرہ کیا، جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علما مدھیہ پردیش کے میڈیا انچارج عازم حج محمد عمران نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی اور مدھیہ پردیش حج کمیٹی کی جانب سے پہلے ہی عازمین نے بہت سی پریشانی کا سامنا کیا ہے اور اب عازمین کو مکہ میں بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عازمین کو جہاں چھوٹی چھوٹی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے، تو وہیں حج کمیٹی کے ذریعہ قربانی کا پیسہ جمع نہ کئے جانے سے اب مکہ میں عازمین کو قربانی کرنے کے لئے پریشانی ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔Haji Arrest In Jeddah جدہ میں حاجی کی گرفتار قابل افسوس ہے، عابد حسین
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست سے بھیجے گئے خادم الحجاج بھی صحیح طریقے سے عازمین کو گائیڈ نہیں کر رہے ہیں اور نہ ہی وہاں کوئی ذمہ دار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کم از کم حج کمیٹی کی جانب سے مکہ میں قربانی سے متعلق بہتر انتظامات کیے جانے چاہیے تھے۔ مکہ میں عازمین کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ انہیں قربانی کہاں کرانی ہے اور کہاں پیسے جمع کروانے ہیں۔ ان سب باتوں کے لئے حج کمیٹی کو مکہ میں ذمہ داران اور گائیڈ کو مقرر کرنا چاہیے تھا وہ بھی نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ریاست مدھیہ پردیش میں عازمین حج کو شروعاتی دور سے ہی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور امید کی جا رہی تھی مکہ اور مدینہ میں عازمین حج صاحبان کو اچھی سہولیات فراہم ہوگی لیکن وہاں بھی عازمین مسلسل پریشان نظر آ رہے ہیں۔