اردو

urdu

ETV Bharat / state

AIMPLB New Chairman مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے چیئرمین منتخب

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا نیا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ بتادیں کہ اس سے قبل مولانا ربیع حسنی ندوی بورڈ کے چیئرمین تھے، جن کا طویل علالت کے بعد 13 اپریل 2023 کو انتقال ہوگیا تھا۔

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے چیئرمین منتخب
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے چیئرمین منتخب

By

Published : Jun 3, 2023, 9:39 PM IST

Updated : Jun 3, 2023, 9:48 PM IST

اندور:مدھیہ پردیش کے اندور میں دو روزہ اجلاس کے دوران مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا نیا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ بتادیں کہ اس سے قبل مولانا ربیع حسنی ندوی بورڈ کے چیئرمین تھے، جن کا طویل علالت کے بعد 13 اپریل 2023 کو انتقال ہوگیا تھا۔ اس کے بعد سے بورڈ کے چیئرمین کی کرسی خالی ہو گئی تھی۔ اب اے آئی ایم پی ایل بی کے اراکین نے متفقہ طور پر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو نیا صدر منتخب کیا ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا 28 واں اجلاس اندور مدھیہ پردیش کے جامعہ اسلامیہ مہو بنجاری میں جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آج کے اجلاس کی پہلی نشست سکریٹری بورڈ مولانا عتیق بستوی کی صدارت میں بعد نماز عصر شروع ہوئی، پہلی نشست خطبہ استقبالیہ سمیت تجاویز ، تعزیت، بورڈ کی سابقہ کارروائی کی تصدیق اور اڈیشہ ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

بعد نماز مغرب دوسری نشست کا آغاز ہوا، جس کی صدارت مفتی ایولہ نے کی اس اجلاس میں مولانا خالد سیف رحمانی نے رپورٹ پیش کی۔ مولانا رابع حسنی ندویؒ (سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کے سانحہ ارتحال کیوجہ سے خالی جگہ کو پر کرنے کےلیے بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اندور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بورڈ کی صدارت کے لئے حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی بروقت تائید مولانا شاہد حسنی ، مولانا سید محمود مدنی نے فرمائی۔ اس کے بعد اتفاق رائے سے تمام عاملہ کے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔

اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نظام الدین فخرالدین پونہ، ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹر مولانا رضی الاسلام ندوی، مولانا شاہد حسنی، مولانا سجاد نعمانی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمود احمد خاں دریابادی، عمرین محفوظ رحمانی، مولانا نعیم رحمانی سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بانی ارکان میں سے ایک

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سے قبل بورڈ کے جنرل سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں اپریل 2021 میں سابق جنرل سیکرٹری مولانا ولی رحمانی کی وفات کے بعد قائم مقام جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد نومبر 2021 میں ہی کانپور کے جلسہ عام میں انہیں مستقل جنرل سکریٹری بنایا گیا۔

خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے پانچویں صدر

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے پانچویں صدر ہیں۔ یہ بورڈ 1973 میں قائم ہوا اور اس کے پہلے چیئرمین مولانا محمد طیب تھے۔ علی میاں دوسرے صدر اور مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی تیسرے صدر منتخب ہوئے تھے۔ مولانا ربیع حسنی ندوی AIMPLB کے چوتھے صدر تھے۔ وہ جون 2002 سے مسلسل 21 سال تک مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر رہے۔ ان کا انتقال 13 اپریل 2023 کو ہوا جس کے بعد اب مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو یہ ذمہ داری ملی ہے۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کیا ہے

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مسلمانوں کا سب سے طاقتور ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ AIMPLB کی ویب سائٹ کے مطابق، یہ 7-8 اپریل 1973 کو قائم کیا گیا تھا۔ یہ ایک ایسے وقت میں قائم کیا گیا تھا جب حکومت ہند یکساں سول قانون کے ذریعے ہندوستانی مسلمانوں پر لاگو شرعی قانون کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ یعنی اس کا مقصد ملک میں مسلم کمیونٹی کے پرسنل لا کا تحفظ اور ان کے مسائل کو حکومت کے سامنے رکھنا ہے۔ AIMPLB کے 251 اراکین ہیں۔ اس کے بانی ارکان میں 102 افراد شامل ہیں۔ بورڈ 149 عام ارکان پر مشتمل ہے، جن کے لیے ہر 3 سال بعد انتخابات ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: AIMPLB Meeting in Indore اندور میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے دو روزہ اجلاس کا آغاز

Last Updated : Jun 3, 2023, 9:48 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details