بھوپال: کتابیں انسان کی بہترین دوست ہوتی ہیں۔ کتابیں ادبی ہوں یا علمی، تاریخی ہو ں یا سیاسی، اخلاقی ہوں یا معلوماتی وہ ہر وقت ہماری غم خوار اور زندہ دل ساتھی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ ہماری وفادار دوست ہوتی ہیں جن پر ہم اعتماد اور بھروسہ کرسکتے ہیں۔ دنیا میں اس وقت بڑے بڑے کتاب خانے (لائبریز) موجود ہیں جن میں لا تعداد علمی، ادبی، تاریخی اور سائنسی کتابیں محفوظ ہیں۔ مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ایک منفرد لائبری و نایاپ لائبریری ہے۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کی کچی آبادی میں ردی سے بنی لائبریری نے یہاں کے بچوں کو کتابیں پڑھنے کا عادی بنا دیا ہے۔ اس لائبریری کا نام ’کتابی مستی‘ رکھا گیا ہے، اس لائبریری میں تقریباً 3 ہزار کتابیں ہیں، جہاں ہر شام بڑی تعداد میں لڑکیاں پڑھنے آتی ہیں۔ یہ لائبریری کا تقریباً 7 سال قبل اس بستی میں رہنے والی 11ویں جماعت کی طالبہ مسکان اہیروار نے چھوٹے سے پیمانہ پر آغاز کیا تھا۔ اسے جہاں بھی کتابیں ملتی وہ کچی بستی کی ایک تنگ گلی میں واقع اپنے گھر کے باہر رسی پر لٹکا دیتی تھیں۔ بچے آتے، کچھ کتابیں پڑھتے اور کچھ ان میں تصویریں دیکھ کر خوش ہوتے۔ مسکان ان بچوں کو کتابیں پڑھ کر بھی سناتی۔
رفتہ رفتہ اس کی کتابوں کی دنیا میں اضافہ ہوا اور اس سے استفادہ اٹھانے والے بچوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ مسکان کے مطابق بستی کے قریب ایک چبوترہ تھا جو گنیش اور درگاہ منڈپ کےلئے بنایا گیا تھا۔ اس کے چاروں طرف چادر کا شیڈ تھا۔ اس نے اس شیڈ کے ساتھ رسی باندھی اور اس پر کتابیں لٹکانا شروع کردیا۔ اس طرح اس چھوٹی سی لائبریری کا آغاز ہوا۔