اردو

urdu

ETV Bharat / state

ایشیا کی سب سے بڑی 'زوجیلا سرنگ' کی تعمیر کا کام شروع

سرینگر – لیہہ شاہراہ پر بننے والی زائد از چھ ہزار کروڑ روپے کی لاگت والی ایشا کی تاریخی و سب سے بڑی زوجیلا سرنگ کی تعمیر کا کام آج شروع کر دیا گیا۔

ایشیا کی سب سے بڑی 'زوجیلا سرنگ' کی تعمیر کا کام شروع
ایشیا کی سب سے بڑی 'زوجیلا سرنگ' کی تعمیر کا کام شروع

By

Published : Oct 15, 2020, 9:13 PM IST

سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے چوٹیوں کی بلاسٹنگ کی تقریب میں آن لائن شرکت کر کے ٹنل کے کام کا آغاز کیا۔

ایشیا کی سب سے بڑی 'زوجیلا سرنگ' کی تعمیر کا کام شروع

وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندرا سنگھ، مرکزی وزیر مملکت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہیں جنرل وی کے سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا اور لیفٹیننٹ گورنر لداخ آر کے ماتھر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس افتتاحی بلاسٹنگ تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر نتن گڈکری نے کہا کہ سری نگر – لیہہ شاہراہ پر تعمیر ہونے والی ساڑھے چودہ کلو میٹر طویل زوجیلا سرنگ ایشیا کی سب سے لمبی اور تاریخی سرنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ زوجیلا سنگل ٹیوب سرنگ ہوگی۔ سرنگ اور اپروچ روڈ ایک ساتھ بنائے جائیں گے۔ موصوف مرکزی وزیر نے کہا: 'سرنگ سے قریب 33 لاکھ میٹرک ٹن ملبہ نکالے جانے کا اندازہ ہے جس کا استعمال اپروچ روڈ میں کرنے سے پانچ سو کروڑ روپے کا خرچہ بچے گا'۔

انہوں نے کہا کہ سرنگ اور روڈ کا کام چھ سال کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ لیکن میری متعلقین سے گزارش ہے کہ وہ ہمیں یہ کام چار سال کے اندر ہی مکمل کر کے دیں۔

یہ بھی پڑھیں: بڈگام: حضرت شیخ العالمؒ کا عرس مبارک منایا گیا

مسٹر گڈکری نے کہا کہ زوجیلا پار کرنے میں ساڑھے تین گھنٹے لگتے تھے لیکن سرنگ بننے کے بعد یہ سفر صرف پندرہ منٹ میں طے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرنگ کا لداخ اور کشمیر کی اقتصادی پوزیشن بہتر بنانے میں ایک بڑا کردار ہوگا۔ لوگوں کو روزگار ملے گا اور سرمایہ کاری ہوگی۔

موصوف نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے پانچ سال کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں جتنا کام کیا ہے وہ پچھلے پچاس سال میں نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا: 'ہم اگلے کچھ برسوں کے دوران جموں و کشمیر کے اقتصادی حالات بدل دیں گے اور نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے فراہم کریں گے۔ یہی ہمارا مشن ہے'۔

واضح رہے کہ زوجیلا ٹنل کی تعمیر لداخی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ٹنل کی تعمیر سے سرینگر – لیہہ شاہراہ پر سفر نہ صرف محفوظ و آرام دہ ہوگا بلکہ کافی وقت بھی بچے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے مئی 2018 میں اس ٹنل کی سنگ بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ زوجیلا سرنگ صرف ایک سرنگ نہیں بلکہ جدید دور کا ایک عجوبہ ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details