مرکز کے زیر انتظام لداخ کو جموں و کشمیر سے جوڑنے والی قومی شاہراہ کو انتظامیہ کی جانب سے بند کر دیا گیا ہے۔ دراصل سردیوں کی آمد کے بعد جب برفباری کا موسم شروع ہوتا ہے، اس وقت شاہراہ پر بھاری برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل روک دی جاتی ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک گاندربل فہیم علی نے کہا کہ زوجیلا، مینمارگ، زیرو پوائنٹ، انڈیا گیٹ اور دیگر مقامات پر درجۂ حرارت منفی 20 ڈگری سیلسیئس تک گر گیا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر پھسلن ہے اور گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے۔
فہیم علی نے بتایا کہ سرینگر ۔ لیہہ قومی شاہراہ کو اگلے احکامات تک بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر محکمۂ موسمیات نے بھی پیر سے برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔