لداخ: حکام نے بتایا کہ ہفتہ کے روز لداخ کے لیہہ ضلع میں فوجی گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری۔ اس حادثہ میں نو فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتہ کی شام جنوبی لداخ کے نیوما کے کیاری علاقہ میں پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لہیہ سے سات کلومیٹر کی دوری پر واقع علاقے میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں نو فوجی شدید طورپر زخمی ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت نو کو مردہ قرار دیا۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ فوجی جوان کیاری لہیہ کی طرف جار ہے تھے کہ راستے میں ہی دلدوز حادثہ پیش آیا ۔ذرائع نے بتایا کہ اس بھیانک حادثے میں مزید دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا لہیہ میں فوجی گاڑی کو پیش آئے حادثے پر سیاسی ، سماجی تنظیموں نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔