راج ناتھ 17، 18 جولائی کو لداخ، جموں و کشمیر جائیں گے
وزیر دفاع سرحدی عبوری چوکیوں کا دورہ بھی کریں گے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ چین اور پاکستان مقبوضہ کشمیر سے متصل سرحدی علاقوں میں فوجی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے جمعہ اور ہفتے کو لداخ اور جموں و کشمیر کے دورے پر رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق 17 جولائی کو وزیر دفاع کے ساتھ فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نروانے بھی جائیں گے۔ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل وائی کے جوشی وزیردفاع کا استقبال کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع سرحدی عبوری چوکیوں کا دورہ بھی کریں گے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
لداخ میں 14 ویں کور کے ہیڈکوارٹر میں کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ انہیں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر چین اور ہندوستان کی فوجوں کے درمیان ٹکراؤ ٹالنے کےلئے بنے اتفاق پر عمل درآمدگی کی معلومات دیں گے۔