سرینگر (جموں و کشمیر):صدر جہوریہ دروپدی مرمو منگل کے روز اپنے دو روزہ دورے پر مرکز کے زیر انتظام لداخ پہنچ گئی۔ وہ آج ’’یونین ٹیریٹری یوم تاسیس‘‘ (Union Territory Foundation Day) کی تقریب میں حصہ لے رہی ہے اور آئندہ روز سیاچین کا دورہ کریں گی۔ لداخ انتظامیہ کے ایک افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’صدر جمہوریہ کا استقبال لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر، سی ای سی لیہہ، سی ای سی کرگل نے لیہہ ہوائی اڈے پر کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔‘‘
آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ ’’وہ (صدر جمہوریہ) آج لیہہ میں یونین ٹیریٹری یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کریں گی اور کل سیاچن بیس کیمپ کا دورہ کریں گی جہاں وہ فوجیوں سے بات چیت بھی کریں گی۔‘‘ صدر جمہوریہ کے دورے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے افسر کا کہنا تھا کہ ’’آج وہ لیہہ میں اپنے اعزاز میں دیے جانے والے شہری استقبالیہ میں شرکت کریں گی۔ صدر ایس ایچ جی کے ارکان اور مقامی باشندوں سے بھی بات چیت کریں گی۔