سرینگر (جموں و کشمیر):فوج کے ناردرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعرات کو لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) پر آپریشنل اور سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کمانڈر کا یہ دورہ خطے میں سخت موسمی حالات میں تعینات فوجیوں کے غیر متزلزل عزم اور لگن کو اجاگر کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل دویدی کے اس دورے کا مرکزی محور ایل اے سی کے اہم فوجی فارمیشنز پر مرکوز تھا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے فرنٹ لائن فوجی دستوں سے ملاقات کی، سینئر افسران سے بریفنگ حاصل کی اور آپریشنل اور سیکورٹی تیاریوں کے مختلف پہلوؤں کا مشاہدہ کیا۔‘‘
فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’مشکل حالات کے باوجود فوجیوں کی جانب سے ثابت قدمی اور لگن کی ستائش کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ان (فوجی جوانوں) کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔ انہوں نے فوجیوں کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کے بھارت کی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنانے کے عزم اور انتہائی اہم کردار پر روشنی ڈالی۔‘‘