سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے چند روز قبل نیشنل کانفرنس کو آنے والے لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) انتخابات میں انتخابی نشان ’ہل‘ کے استعمال کو منظوری دی۔ وہیں نیشنل کانفرنس نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ ’’لداخ انتظامیہ عدالت کے فرمان کو عملانے میں روڑے اٹکا رہی ہے۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے ترجمان تنویر صادق نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’لداخ انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کی کوشش کی، جو وہ نہیں کر پائے۔ اس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ کی توہین عدالت کی کارروائی روکنے کی کوشش کی، جسے سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا۔‘‘ تنویر صادق کا مزید کہنا تھا کہ ’’اگر آج شام تک ہمیں نشان الاٹ کرنے کا حکم جاری نہ کیا گیا تو ہائی کورٹ کی توہین عدالت کا حکم لاگو ہوگا۔ چیف سیکریٹری لداخ اور چیف الیکشن آفیسر کو عدالت میں ذاتی طور پر بھی پیش ہونا پڑے گا۔‘‘